
اس حوالے سے سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت پر باقاعدہ جوابی کارروائی شروع کردی ہے، اس وقت پاکستان کی بھارت کےخلاف کارروائی جاری ہے، بھارت کے آپریشن سندور کے جواب میں پاکستان نے اپن اس کارروائی کو ’’ آپریشن بنیان مرصوص ‘‘ کا نام دیا ہے۔
عربی زبان کے ان الفاظ کا مطلب ’سیسہ پلائی ہوئی دیوار‘ ہے ، اس وقت پاک فوج کی جانب سے بھرپور کارروائی کرتے ہوئے ’’ آپریشن بنیان مرصوص ‘‘ کے تحت بمباری کا سلسلہ جاری ہے، پاکستان بھر میں فضائی دفاعی نظام مکمل طور پر فعال ہے۔
بھارت کا ادھم پور ایئربیس اور پٹھان کوٹ میں ایئر فیلڈ تباہ
پاکستانی افواج نے بھرپور جوابی وار کرتے ہوئے ایئربیس ادھم پور کو تباہ کردیا اس کے علاوہ پاکستان کی جانب سے پٹھان کوٹ میں ایئر فیلڈ کو تباہ کردیا گیا ہے۔اس کے علاوہ بھارت کے علاقے بیاس میں براہموس میزائل اسٹوریج سائٹ بھی تباہ کردی گئی۔
بھارت کا بریگیڈ ہیڈ کوارٹر اور سپلائی ڈپو ملیا میٹ
پاکستان نے بھارت کا بریگیڈ ہیڈ کوارٹر ’کے جی ٹاپ‘ تباہ کردیا اس کے علاوہ پاکستان نے اُڑی میں بھارت کے سپلائی ڈپو کو بھی ملیا میٹ کردیا۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اس وقت بھارت میں متعدد اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا جا رہا ہے، سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے راولپنڈی میں بھارتی ڈرونز کو گرایا جارہا ہے۔
بھارت کا ادھم پور ائیر فیلڈ تباہ، کئی شہر بجلی سے محروم
ہندوستان کی بجلی تنصیبات پر بڑا سائبر اٹیک کیا گیا ہے، پاکستان نے سائبر اٹیک کرکے ہندوستان کے70 فیصد بجلی گرڈ کو ناکارہ کر دیا، بھارت کے کئی شہر بجلی سے محروم ہوگئے، اس کے علاوہ بھارت کا ادھم پور ائیر فیلڈ تباہ کردیا گیا، یاد رہے کہ ادھم پور ایئر فیلڈ سے امرتسر میں سکھوں، پاکستان اور افغاستان پر میزائل داغے گئے تھے۔
ایک ڈرون سمیت براہموس اسٹوریج سائٹ بھی تباہ
سیالکوٹ کے علاقے برتھ کے قریب ایک اور بھارتی ڈرون مار گرایا گیا،اس کے علاوہ پاکستان نے دہرنگیاری میں بھارتی آرٹلری گن پوزیشن تباہ کردی۔
آپریشن بنیان مرصوص میں بھارت میں متعدد اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا جارہا ہے، پاک افواج نے نگروٹا میں براہموس اسٹوریج سائٹ کو بھی تباہ کر دیا، نگروٹا میں براہموس اسٹوریج سائٹ تباہ ہونے سے بھاری نقصانات کی اطلاعات ہیں۔
بھارت کی سورت گڑھ ائیرفیلڈ تباہ
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق بھارت کی سورت گڑھ ائیرفیلڈ تباہ کردی گئی، اس کے علاوہ بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں پاکستانی ڈرونز کی پروازیں جاری ہیں۔
بھارت کا مہنگا ترین ایس 400 سسٹم تباہ
پاک فضائیہ نے ادھم پور میں بھارت کا ایس 400 سسٹم تباہ کر دیا، جے ایف 17 تھنڈر کے ہائپر سونک میزائلوں سے ایس 400 سسٹم کو تباہ کیا گیا اس ایئر ڈیفنس سسٹم کی مالیت تقریباً 1.5 بلین ڈالر ہے۔
بھارت کیخلاف آپریشن کا آغاز اذان فجر کے بعد ہوا
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فجر کے وقت اذان کے فوری بعد دشمن کے خلاف آپریشن ‘بنیان مرصوص’ کا آغاز کیا گیا اور بھارت پر فتح میزائل فائر کیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان کی جوابی کارروائی میں فتح ٹو گائیڈڈ راکٹ سسٹم کا استعمال کیا گیا ہے، فتح ٹو گائیڈڈ راکٹ سسٹم 400 کلومیٹر تک اپنے ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
آپریشن بنیان مرصوص کے تحت بھارت میں مختلف اہداف کو نشانہ بنایا جارہا ہے، بھارت کے علاقے بیاس میں براہموس میزائل اسٹوریج سائٹ تباہ کردی گئی۔
بھارت نے مزید کارروائی کی تو معاشی اہداف نشانے پر ہوں گے
پاکستانی جواب میں بھارت کی مزید کارروائی پر پاکستان کا دوٹوک ردعمل بھی تیار ہے، پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ اگر بھارت نے مزید جارحیت کی تو وہاں ہائی ویلیو اہداف کو نشانہ بنایا جائے گا۔
پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت نے سختی سے متنبہ کیا ہے کہ بھارت کے جوابی حملے کی صورت میں بھارت کے معاشی اہداف بھی نشانے پر ہوں گے، بھارت نے اب اگر کوئی حرکت کی تو اس کے نتائج سنگین بھگتنا ہوں گے
اس کے علاوہ بھارت کی جانب سے کوٹلی آزاد کشمیر میں ایل او سی پر بھارت کی جانب سے اشتعال انگیزی کی گئی جس کے بعد پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کی۔
پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تمام خبریں
اطلاعات کے مطابق ’آپریشن بنیان مرصوص‘ میں بھارت میں متعدد اہداف کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، بھارت کے وہ تمام فوجی اڈے جہاں سے گزشتہ روز پاکستان کے عوام اور مساجد پر حملے کئے گئے تھے پہلے ان کو تباہ کیا جارہا ہے۔
بھارتی وزیر اعظم کی ویب سائٹ ہیک کر لی گئی
بیش تر بھارتی ویب سائیٹس ہیک کر لی گئی ہیں، بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی و یب سائٹ بھی ہیک کر لی گئی جب کہ بھارت کا ملٹری سیٹلائٹ بھی جیم کر کے ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔
پاکستان سائبر اٹیک ٹیم نے بھارتی مہاراشٹرا اسٹیٹ الیکٹرسٹی ٹرانسمیشن کمپنی لمیٹڈ پر سائبر حملہ کیا ہے، پاکستانی سائبر اٹیک ٹیم نے مہاراشٹرا سٹیٹ الیکٹرسٹی ٹرانسمیشن کمپنی لمیٹڈ کو ہیک کر لیا۔
امریکی وزیر خارجہ کا آرمی چیف اور اسحاق ڈار سے رابطہ
پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے فون پر رابطہ کیا، امریکا کی جانب سے ایک بار پھر پاک بھارت کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کے لیے تعاون کی پیش کش کی گئی۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا فریقین کشیدگی میں کمی کے لیے اقدامات کریں، ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا مارکو روبیو نے تعمیری بات چیت کے لیے مدد کی پیش کش کی ہے۔
اسحاق دار نے امریکی ہم منصب سے کہاکہ گیند اب بھارت کے کورٹ میں ہے، اگر بھارت نے صورتحال کو مزید بڑھایا تو پاکستان نہیں رکے گا۔ بھارت اب حملہ کرے گا تو زیادہ سخت جواب دیا جائے گا۔
وزیر اعظم نے نیشنل کمانڈ اتھارٹی کی میٹنگ طلب کر لی
آپریشن بنیان مرصوم کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف نے نیشنل کمانڈ اتھارٹی کا اجلاس طلب کر لیا ہے، جس کی صدارت وزیراعظم شہباز شریف کریں گے۔
دہلی میں پاکستانی ڈرونز کی پروازیں جاری
سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستانی سائبر ٹیم نے بھارت کا ملٹری سیٹلائٹ جیم کر دیا ہے، جب کہ دہلی میں پاکستانی ڈرونز کی پروازیں کئی گھنٹوں سے جاری ہیں۔
چین کی پاکستان اور بھارت سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل
چین نے پاکستان اور بھارت سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کشیدگی ختم کرنے کیلئے تعمیری کردار ادا کرنے کو تیار ہے، کشیدگی میں کمی لائیں اور سیاسی ذرائع سے پرامن حل کے راستے پر واپس آئیں۔
جی سیون ملکوں کا پاکستان اور بھارت سے مطالبہ
پاکستان کی جانب سے اپنے دفاع کا استعمال کرتے ہوئے آپریشن کے آغاز کے بعد جی سیون ملکوں نے پاکستان اور بھارت سے کشیدگی میں کمی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک تحمل کا مظاہرہ کریں۔
جی سیون ممالک نے پُرامن نتائج کیلئے دونوں ممالک کو براہ راست بات کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صورتحال کا قریب سے جائزہ لے رہے ہیں، مسئلے کے تیز اور دیرپا سفارتی حل کیلئے حمایت کا اظہار کرتے ہیں۔
ایل او سی پر بھارت کی متعدد پوسٹیں مکمل تباہ
پاکستان فوج ایل او سی پر بھارت کی متعدد پوسٹیں مکمل تباہ کردیں، ربتانوالی پوسٹ، ڈنہ پوسٹ، خواجہ بھیک کمپلیکس، رنگ کنٹوئر کو تباہ کردیا گیا، پاک فوج نے پھکلیاں سیکٹر میں بھی بھارتی پوسٹیں مکمل تباہ کیں، ایل اوسی پر افواج پاکستان کی توپوں نے بھارتی توپوں کو خاموش کرا دیا۔
پاکستان نے بھارت کی سرسہ ائیرفیلڈ کو تباہ کردیا
سکیورٹی ذرائع کے مطابق راجوڑی میں پاکستان میں دہشتگردی کروانے والا بھارتی ملٹری انٹیلیجینس کا تربیتی مرکز تباہ کردیا گیا جس کی تصدیق انڈین میڈیا نے خود کی ہے۔
بھارتی فوج کا فوجی تنصیبات کونقصان پہنچنے کا اعتراف
بھارتی فوج نے پاکستانی جوابی حملے میں فوجی تنصیبات کو نقصان پہنچنے کا اعتراف کیا ہے، نئی دہلی میں ترجمان بھارتی فوج صوفیہ قریشی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا پاکستان نے پٹھانکوٹ، ادھم پور، بھوج اور آدم پورٹ میں واقع اسٹریٹجک ایئر بیسز پر میزائل حملے کیے ہیں، حملوں سے فوجی تنصیبات سمیت پنجاب کے ایئر بیس اسٹیشن کو نقصان پہنچا ہے۔
بھارت فوج کی ترجمان نے کہا کہ یہ ایک بے مثال اور مربوط حملہ تھا، ہم تصدیق کرتے ہیں کہ پاکستان نے ہماری 26 تنصیبات کو نشانہ بنایا، جن میں فرنٹ لائن ایئربیس بھی شامل ہیں، ہم نے اس “جارحیت کا نوٹس لیا” ہے لیکن اس بات کا اعادہ کیا کہ بھارت تناؤ نہیں چاہتا۔
سیاسی رہنماؤں نے وزیر اعظم کو مکمل تعاون اور یکجہتی کا یقین دلا دیا
وزیر اعظم نے موجودہ صورتحال میں سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں بلاول بھٹو زرداری، بیرسٹر گوہر خان، مولانا فضل الرحمان، خالد مقبول صدیقی، حافظ نعیم الرحمان، خالد حسین مگسی اور چوہدری سالک سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔
اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ افواج پاکستان نے بھارتی جارحیت کا آج مربوط طریقے سے طاقتور جواب دیا، بھارت نے پاکستان پر میزائل اور ڈرون حملے کیے، بھارتی جارحانہ اقدامات کے باوجود پاکستان نے انتہائی تحمل سے کام لیا۔
امریکی وزیر خارجہ کا بھارتی ہم منصب جے شنکر سے رابطہ
مطابق امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو نے جے شنکر سے گفتگو میں دونوں ممالک کو کشیدگی کم کرنے اور براہ راست رابطے بحال کرنے کے طریقے تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کشیدگی کم کرنے کا طریقہ کار نکالیں اور دونوں ممالک آپس میں بات چیت کا راستہ کھول کر کشیدگی کم کریں۔
سعودی وزیرخارجہ کا پاکستانی ہم منصب سے رابطہ
سعودی وزیرخارجہ نے پاکستان اور بھارت کے وزرائے خارجہ سے رابطہ کیا ہے، سعودی وزیر خارجہ نے بھی دونوں ممالک سے کشیدگی کم کرنے پر زور دیا ہے۔
سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب خطے میں امن اور استحکام کا خواہاں ہے، دونوں ممالک کے ساتھ قریبی اور دوستانہ روابط ہیں۔
بھارت کا شیخ زید انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر بزدلانہ حملہ
گزشتہ شب بھارتی بزدلانہ حملے کے نتیجے میں شیخ زید انٹرنیشنل ایئر پورٹ کو نقصان پہنچا ہے، بھارت نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی دوستی کی علامت کو نشانہ بنایا ہے۔
شیخ زید ایئر پورٹ 1993 میں تعمیر کیا گیا تھا، جس کا نام شیخ زید بن سلطان النہیان کے نام پر رکھا گیا، بھارت نے گزشتہ روز ننکانہ صاحب کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی، جنگی جنون میں مبتلا بھارت کی جانب سے انتہائی شرمناک عمل جاری ہے۔
پاکستان کی جوابی کارروائی میں فتح 1 گائیڈڈ راکٹ سسٹم کا استعمال
سیکیورٹی ذرائع کا کنا ہے کہ پاکستان کی اس جوابی کارروائی میں فتح 1 میزائل سسٹم کا نہایت کام یابی سے استعمال کیا گیا ہے۔
فتح 1 گائیڈڈ راکٹ سسٹم 120 کلومیٹر تک ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے، فتح 1 میزائل جدید نیوی گیشن سسٹم، برق رفتار اور مؤثر نیوی گیشن خصوصیات سے لیس ہے، یہ انتہائی درستگی سے اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت کا حامل ہے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان پہلا ٹیلیفونک رابطہ، برطانوی میڈیا
برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارت کے آپریشن سندور اور پاکستان کے آپریشن بنیان موصوم کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان پہلا ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے بعد یہ پہلا رابطہ ہے۔