عوام پاکستان پارٹی (اے پی پی) کے کنوینر شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت نے چھ سالوں میں کوئی مثبت کام نہیں کیا اور ملک کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت سے مکمل طور پر محروم ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2018 سے اب تک چھ سال ضائع ہو چکے ہیں اور حکومت کا ہر دن ملک پر بوجھ ہے۔ پنجاب یونیورسٹی ہیلے کالج میں جاب فئیر کی تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اس وقت ملک میں سیاسی بحران ہے، اور وہ حکومتی اقدامات میں شریک نہیں ہیں۔
شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ ان کی جماعت کا پیغام “ووٹ کو عزت دو” ہے، جبکہ حکومت کی طرف سے اقتدار کو عزت دینے کی سوچ ہے، جو ان کے مطابق غلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2018 کا الیکشن چوری ہوا تھا، اور اس وقت ان کی جماعت نے 85 نشستیں جیتی تھیں، جبکہ موجودہ الیکشن کی حقیقت بھی سب کے سامنے ہے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نوجوان اب انقلاب کی بات کر رہے ہیں، اور ان کے خیالات حکومت سے مختلف ہیں۔