
مرکزی امیرجمعیت علمائے اسلام (ف)مولانافضل الرحمان نے کہا ہے کہ اس وقت پاکستان پرصہونیت کاغلبہ ہے اس لئے اسرائیل کوتسلیم کرنے کی باتیں ہورہی ہیں ،جب تک دینی مدارس موجودہیں تمہارایہ خواب کبھی بھی شرمندہ تعبیرنہیں ہوگا۔ جامعہ خالدبن ولید ٹھیگی وہاڑی میں استحکام پاکستان وتحفظ دینی مدارس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ77 سال اس ملک کوبنے ہوئے گزر چکے ہیں ان 77 سالوں میں ہمارے حکمرانوں کا لاالہ الااللہ کے ساتھ رویہ کیارہاہے ،حکمرانوں اسٹبلشمنٹ اور جاگیرداروں نے کلمہ کامذاق بنارکھا ہے ،ان کایہ عمل اللہ کے ہاں ناپسندیدہ ہے ۔مولانافضل الرحمان نے کہاکہ قرارداد پاکستان کے وقت اسرائیل کاوجود میں نہیں تھا لیکن فلسطین میں یہودی بستیاں قائم ہوناشروع ہوگئی تھیں ،قرار داد پاکستان میں ان بستیوں کی تعمیر کی مذمت کی گئی اس وقت پاکستان پرصہونیت کاغلبہ ہے اسی لئے اسرائیل کوتسلیم کرنے کی باتیں ہورہی ہیں ،یاد رکھو جب تک دینی مدارس موجودہیں تمہارایہ خواب کبھی بھی شرمندہ تعبیرنہیں ہوگا۔