
نیتن یاہو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ڈونلڈ ٹرمپ کیلیے خصوصی پیغام جاری کیا۔
نیتن یاہو نے لکھا کہ ’ڈونلڈ ٹرمپ، میں آپ کا ایک بار پھر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ہم مل کر مشرق وسطیٰ کو دوبارہ عظیم بنائیں گے‘۔
واضح رہے کہ امریکی صدر نے اپنے حالیہ بیان میں نیتن یاہو کو کرپشن کیسز کا سامنا کرنے پر اسرائیل میں استغاثہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اسرائیل کو اربوں ڈالر کی امداد دینے کے بعد کرپشن کیسز کے ٹرایل کی حمایت نہیں کر سکتا۔
اسرائیلی وزیر اعظم پر 2019 میں اسرائیل میں رشوت خوری، دھوکا دہی اور اعتماد کی خلاف ورزی کے الزامات کے تحت فرد جرم عائد کی گئی تھی جس کی وہ تردید کرتے ہیں۔
مقدمے کی سماعت 2020 میں شروع ہوئی اور اس میں تین فوجداری مقدمات شامل ہیں۔ وہ بین الاقوامی فوجداری عدالت کو غزہ میں مبینہ جنگی جرائم کیلیے بھی مطلوب ہیں جہاں اکتوبر 2023 سے اسرائیلی حملوں میں 56,000 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔