برازیل کی سابقہ ماڈل جولیانا آئزن، جو فحش مواد کے میگزین “پلے بوائے” سے وابستہ رہ چکی ہیں، نئے سال کی شام ایک حادثے کا شکار ہوئیں جب ایک کتے نے ان پر حملہ کر کے ان کی ناک زخمی کر دی۔ جولیانا، جو 2015 میں برازیل کی حکومت کے خلاف اپنے عریاں احتجاج کی وجہ سے شہرت حاصل کر چکی ہیں، میکسیکو سٹی میں نئے سال کی ایک پارٹی میں موجود تھیں جہاں یہ ناخوشگوار واقعہ پیش آیا۔
رپورٹس کے مطابق، کتے نے جولیانا کی ناک کی نوک اور ہاتھ کو زخمی کر دیا، جس کے باعث انہیں فوری طور پر شہر کے اینجلس اسپتال منتقل کیا گیا۔ حملے کے بعد جولیانا کو سرجری کی ضرورت پیش آئی اور وہ بیکٹیریل انفیکشن کا بھی شکار ہوئیں۔
اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر، جہاں ان کے 2.5 ملین سے زیادہ فالوورز ہیں، جولیانا نے اس واقعے کی تفصیلات شیئر کیں۔ انہوں نے بتایا، “میں نے ناک کی مکمل سرجری کروائی ہے، اور خوش قسمتی سے ڈاکٹروں نے کہا ہے کہ کوئی نشان نہیں پڑے گا۔” انہوں نے مزید کہا کہ وہ شکر گزار ہیں کہ انہیں مزید علاج کے لیے برازیل واپس نہیں جانا پڑا، اور ان کی ناک پہلے سے بہتر ہو گئی ہے۔
جولیانا نے اپنی پوسٹ میں شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس مشکل وقت کے باوجود پر امید ہیں اور جلد مکمل صحتیاب ہونے کی توقع رکھتی ہیں۔