
وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان کافی عرصے سے معاشی چیلنج کا سامنا کر رہا تھا، گزشتہ سال ڈیرھ سال سے ہماری معیشت تھوڑی بہت سانس لے رہی ہے، بھارت سے جنگ ہمیں اتنی مہنگی نہیں پڑی جتنی پڑ سکتی تھی۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ چین میں غربت ختم ہوچکی ہے، ٹیکنالوجی میں بڑا مقام حاصل کرلیا ہے، یہ زیادہ پرانی بات نہیں کہ جب برطانیہ دنیا کا طاقتور ترین ملک تھا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمارے پائلٹس، سائبر واریئرز نے بھارت کے پلے کچھ نہیں چھوڑا، حملوں سے بھارت کی ٹیکنالوجی مفلوج ہوکر رہ گئی تھی، چینی مشنری اور آپریٹرز پاکستانی ہوں تو بڑی طاقت بن جاتی ہے، دنیا بھی سوچ رہی ہے کہ چین پاکستان کا کمبی نیشن طاقتور بن گیا ہے، ہم نے بارڈر کراس نہیں کیے لیکن ان کے سسٹم کو ڈس ایبل کردیا۔
وزیردفاع نے بتایا کہ سیزفائر کے بعد بھارت میں تنقید کا سیلاب امڈ آیا ہے، بھارت میں لوگ شکست پر مسلمانوں کے خلاف ردعمل دے رہے ہیں، بھارتی مسلمان خاتون فوجی افسر اور ان کے اہل خانہ کو بھی نشانہ بنایا جارہا ہے۔
خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ مودی جوتشیوں کو بڑا مانتے ہیں تو جوتشی ان کے ستاروں کا حال بھی بتا دیں، مودی کا ستارہ 13،14سال سے عروج پر تھا جسے اب زوال آرہا ہے۔