اطلاعات کے مطابق تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران 26 نومبر کو پیش آنے والے واقعے میں رینجرز کے تین اہلکار ایک تیز رفتار گاڑی کی زد میں آکر شہید جبکہ دو شدید زخمی ہوگئے۔ اس واقعے کے بعد عمران خان، بشریٰ بی بی، علی امین گنڈا پور، شعیب شاہین، فیصل جاوید، اسد قیصر، شیر افضل مروت، عمر ایوب اور 15 ہزار سے زائد کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق، یہ مقدمہ پاکستان رینجرز سندھ کے حوالدار سلطان محمود کے بیان پر تھانہ رمنا کے ایس ایچ او سب انسپکٹر ٹیپو سلطان کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ ایف آئی آر میں قتل، دہشت گردی، اور سازش سمیت 18 مختلف دفعات شامل کی گئیں۔ پولیس حکام نے مقدمے کی تفصیلات کو سیل کرتے ہوئے میڈیا کو معلومات فراہم کرنے سے گریز کیا تھا۔