بھارتی ریاست گجرات میں “سٹیچو آف یونٹی” کے قریب واقع جنگل سفاری پارک میں ایک تیندوے نے کالے ہرن کا شکار کیا، جس کے بعد خوف و ہراس کے باعث مزید سات ہرن ہلاک ہو گئے۔ یہ واقعہ یکم جنوری کی صبح پیش آیا جس پر محکمہ جنگلات نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ تیندوا جو دو سے تین سال کے درمیان عمر کا ہے، پارک کی مضبوط باڑ کو عبور کر کے اندر داخل ہوا۔ اس علاقے میں تیندووں کی موجودگی معمول کی بات ہے۔ تیندوے نے پارک کے اندر موجود چرندوں کے احاطے پر حملہ کیا اور ایک کالا ہرن کو مار ڈالا۔ باقی سات ہرن خوف و گھبراہٹ کے باعث ہلاک ہو گئے۔ تمام ہلاک ہونے والے ہرنوں کا پوسٹ مارٹم کیا گیا اور بعد میں ان کی باقیات کو نذرِ آتش کر دیا گیا۔
کیواڑیہ ڈویژن کے ڈپٹی کنزرویٹر آف فاریسٹ، اگنیشور ویاس نے بتایا کہ اگرچہ اس علاقے میں تیندووں کی نقل و حرکت عام بات ہے، لیکن یہ پہلا واقعہ ہے کہ کسی تیندوے نے سفاری پارک میں داخل ہو کر ایسا حملہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارک میں 400 سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مسلسل نگرانی کی جاتی ہے۔ تیندوے کی موجودگی فوری طور پر معلوم ہو گئی تھی، جس کے بعد سیکیورٹی عملے نے اسے بھگانے کی کوشش کی۔ تاہم یہ تصدیق نہیں ہو سکی کہ آیا تیندوا پارک سے مکمل طور پر باہر جا چکا ہے یا نہیں۔
واقعے کے بعد پارک کو 48 گھنٹوں کے لیے سیاحوں کے لیے بند کر دیا گیا۔ 3 جنوری کو پارک دوبارہ کھول دیا گیا، مگر ماہرین کو خدشہ ہے کہ تیندوا دوبارہ واپس آ سکتا ہے۔