
اسلام آباد اور راولپنڈی میں مزید موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی کی ہے جب کہ پنڈی میں وقفے وقفے سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے جڑواں شہروں میں ژالہ باری کی پیشگوئی کی ہے جس کے باعث گزشتہ دنوں کی ژالہ باری سے نقصان اٹھانے والے شہری مزید خوفزدہ ہو گئے ہیں۔
شہریوں نے اپنی گاڑیوں کو محفوظ رکھنے اور اولوں سے بچانے کے لیے احتیاطی تدابیر کے طور پر گاڑیوں پر کپڑے بچھا کر انہیں فومز سے ڈھک دیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ بدھ کو اسلام آباد میں ہونے والی اچانک تیز بارش اور ٹینس بال سائز کے اولے پڑنے سے گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا تھا۔ گاڑیوں کے شیشے ٹوٹنے کے ساتھ ان میں ڈینٹ بھی پڑ گئے تھے جب کہ گھروں اور دفاتر کے دروازے اور کھڑکیوں کے شیشے بھی ژالہ باری کے باعث ٹوٹے تھے۔
دریں اثنا این ڈی ایم اے نے موسمیاتی الرٹ جاری کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں شدید بارش اور تیز ہواؤں سے درخت گرنے اور بجلی بند ہونے کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق آندھی اور اولوں کے باعث کمزور تعمیرات اور فصلوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اس کے علاوہ موسلا دھار بارش کے باعث سڑکوں پر حد نگاہ کم اور حادثات کا امکان بڑھ سکتا ہے۔
شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ موسمی حالات سے آگاہ رہیں۔ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور اگر سفر کرنا ہے تو پہلے صورتحال کا جائزہ لے لیں۔
شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے والے علاقوں میں محتاظ رہنے اور انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔
اس کے علاوہ گلگت بلتستان، کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا، وادی نیلم، مظفر آباد، راولاکوٹ، پونچھ، چترال، دیر سوات، مانسہرہ، مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک اور چکوال میں بھی بارش کا امکان ہے جب کہ کشمیر، گلگت اور خیبر پختونخوا میں فلیش فلڈ کا خطرہ ہے۔