
دنیا بھر سے لوگوں کی بڑی تعداد اسے دریافت کرنے یا پُرسکون لمحات گزارنے کیلیے سویڈن کا دورہ کرتی ہے۔ کچھ ممالک کے شہریوں کو ویزا فری داخلے کی اجازت ہے لیکن زیادہ تر کو قلیل مدتی شینگن ویزا حاصل کرنا ہوتا ہے۔
اسی طرح پاکستانی شہریوں کو بطور سیاح سویڈن جانے کیلیے شینگن کا مختصر مدت کا ویزا حاصل کرنا ضروری ہے، سویڈن کا سفارت خانہ پاکستانی شہریوں اور یہاں قانونی طور پر مقیم افراد سے شینگن ویزا کیلیے درخواستیں وصول کرتا ہے۔
قواعد کے مطابق درخواست گزار کو درخواست کے ساتھ فنڈز کے ثبوت کے طور پر بینک اسٹیٹمنٹ جمع کروانا لازمی ہے تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ وہ سویڈن میں قیام کے دوران اخراجات برداشت کر سکتا ہے یا نہیں۔
سویڈن کے شینگن ویزا کیلیے درخواست گزار کو درخواست کے ساتھ بینک کی طرف سے دستخط شدہ اور مہر لگا پچھلے چھ ماہ کا اسٹیٹمنٹ جمع کروانا ضروری ہے۔
یورپی ملک میں سیاح کیلیے روزانہ قیام کا خرچہ 80 یورو ہے لہٰذا درخواست دہندہ کو چاہیے کہ وہ اسٹیٹمنٹ میں اتنی رقم ظاہر کرے جو اس کے قیام کیلیے کافی ہو۔ درخواست گزار اگر 90 دن قیام کرتا ہے تو اس کو بینک اکاؤنٹ میں 7,200 یورو رکھنا ضروری ہے۔
یکم اپریل 2025 کو ایک یورو 303 پاکستانی روپے کے برابر ہے لہٰذا درخواست گزار کیلیے ویزا اپلائی کرتے وقت بینک اکاؤنٹ میں تقریباً 2.1 ملین روپے رکھنا لازمی ہے ورنہ درخواست مسترد کی جا سکتی ہے۔