معروف اداکار اسد صدیقی نے کہا ہے کہ ان کی شادی کو ابھی صرف چھ سال ہوئے ہیں، لیکن انہیں ایسا لگتا ہے جیسے وہ رشتہ ازدواج میں 600 سال سے بندھے ہوئے ہیں۔ اسد نے 2017 میں اداکارہ زارا نور عباس سے شادی کی، جو ان کی دوسری شادی ہے۔ زارا کی پہلی شادی کم عمری میں ہوئی تھی، جو 2017 میں طلاق پر ختم ہوئی، اس کے بعد انہوں نے اسد صدیقی سے دوسری شادی کی۔
حال ہی میں اسد صدیقی نے ‘ہنسنا منع ہے’ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی شادی اور شوبز کی دنیا پر کھل کر بات کی۔ انہوں نے بتایا کہ تعلیم مکمل کرنے کے بعد جب وہ بینک میں انٹرن شپ کے لیے گئے، تو انہیں ایک ڈرامے کے آڈیشن کے لیے بلایا گیا۔ اسد نے بینک سے رشتے دار کے انتقال کا جھوٹ بول کر چھٹی لی، حالانکہ ان کے بڑے بھائی بھی اسی بینک میں کام کر رہے تھے۔ جب لوگوں نے دیکھا کہ چھوٹا بھائی رشتے دار کے انتقال پر گھر گیا ہے لیکن بڑا بھائی وہاں موجود ہے، تو انہوں نے اسد کے بھائی کو ٹوکا، جس پر ان کے بھائی حیران رہ گئے۔
ایک سوال پر اسد نے کہا کہ یاسر حسین ان کے بہترین دوست ہیں، اور ان کی دوستی کو 15 سال ہو چکے ہیں۔ زیادہ تر لوگ انہیں، یاسر حسین اور عاصم اظہر کو بھائی سمجھتے تھے کیونکہ ان کے چہرے ایک دوسرے سے ملتے جلتے ہیں۔
شادی کے بارے میں پوچھے جانے پر اسد نے بتایا کہ ان کے سسر پاک فوج میں ہیں، اور انہیں علم تھا کہ ان کی بیٹی کے لیے کچھ لوگ رشتہ لینے آ رہے ہیں۔ اسد نے پہلے ہی زارا کی خالہ بشریٰ انصاری سے بات کر لی تھی، جس کے بعد وہ اپنے والدین کے ساتھ یاسر حسین، عاصم اظہر اور سجل علی کے ساتھ رشتہ لینے گئے۔
اسد نے مزید بتایا کہ انہوں نے مٹھائیاں بھی اپنے ساتھ لے گئیں، اور زارا کے والد ابتدا میں پریشان ہوگئے، لیکن بعد میں وہ رشتے کے لیے راضی ہوگئے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کے سسر اور ساس کے ساتھ ان کے تعلقات بہت اچھے ہیں۔ ایک مداح کے سوال کا جواب دیتے ہوئے اسد نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ اگرچہ ان کی شادی کو صرف 6 سال ہوئے ہیں، لیکن انہیں ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے 600 سال گزر چکے ہیں۔