
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے پنجاب کے ضلع رحیم یار خان میں وزیراعظم شہباز شریف کو اپنی گاڑی میں بٹھایا اور خود ڈرائیونگ کی۔ اس دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان غیر رسمی اور خوشگوار گفتگو کا ماحول تھا۔ واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان بھی متحدہ عرب امارات کے صدر کو گاڑی کی فرنٹ سیٹ پر بٹھا کر خود ڈرائیو کرتے تھے۔ وزیراعظم آفس نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کی متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے رحیم یار خان میں ملاقات کی خبر اور ویڈیو جاری کی، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دونوں رہنما انتہائی خوشگوار موڈ میں گفتگو کر رہے ہیں۔ صدر متحدہ عرب امارات شیخ محمد بن زاید النہیان نے خود گاڑی چلائی اور وزیراعظم شہباز شریف ان کے ہمراہ بیٹھے رہے، اور گاڑی میں کافی دیر تک دونوں رہنماؤں کی غیر رسمی اور خوشگوار گفتگو ہوتی رہی۔