قومی اسمبلی کے اجلاس کا 10 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے۔ اجلاس پیر کی شام 5 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا، جس کے دوران مختلف اہم امور پر بحث کی جائے گی۔ اجلاس کے ایجنڈے میں وقفہ سوالات شامل ہے، جس کے دوران ارکان مختلف سوالات کے جوابات حاصل کریں گے۔
اس کے علاوہ، ایجنڈے میں ملک میں لازمی اور ثانوی روٹس پر نجی ایئر لائنز کی پروازوں کے آغاز نہ ہونے پر توجہ دلاؤ نوٹس بھی شامل ہے۔ وزیرداخلہ پاکستان لینڈ پورٹ اتھارٹی کے قیام کے لیے ضروری احکام وضع کرنے کا بل ایوان میں پیش کریں گے۔ وزیرمملکت برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ “ڈیجیٹل نیشن پاکستان بل 2024” پیش کریں گی، جبکہ وزیرداخلہ سینیٹ سے منظور شدہ “نیشنل فارنزک ایجنسی بل 2024” بھی ایوان میں پیش کریں گے۔ وزیر قانون پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے صدر مملکت کے خطاب پر بحث کی تحریک پیش کریں گے۔
اجلاس میں ارکان نکتہ اعتراضات پر اہم نوعیت کے امور پر بھی بات کریں گے۔