مری: تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال میں ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے انسداد پولیو مہم کا آغاز کیا۔ اس موقع پر ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر محمد نعمان شوکت، ایم ایس ڈاکٹر نیاز خان اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا باضابطہ افتتاح کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آغا ظہیر عباس شیرازی نے کہا کہ اس خصوصی مہم کا مقصد بچوں کو معذوری سے محفوظ رکھنا ہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ پولیو ورکرز کے ساتھ تعاون کریں تاکہ ہر بچے تک رسائی ممکن ہو سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف دو قطرے پلانے سے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے پولیو ورکرز کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مری کے دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں گھر گھر جا کر اپنی ذمہ داری نبھانا ان ورکرز کی لگن اور قومی جذبے کا مظہر ہے۔ والدین کو چاہیے کہ وہ ان کی کوششوں میں بھرپور ساتھ دیں تاکہ پولیو کا مکمل خاتمہ ممکن ہو سکے۔