
وزیراعظم شہباز شریف آج ن لیگ کے سابق مرکزی رہنما چوہدری نثار علی خان کی رہائشگاہ پہنچے اور ان سے ملاقات کی۔
ذرائع نے اس ملاقات کے حوالے سے بتایا کہ وزیراعظم نے چوہدری نثار سے ان کی خیریت دریافت کی اور انہیں ن لیگ میں واپسی کی دعوت بھی دی۔
ذرائع نے بتایا کہ چوہدری نثار نے ن لیگ میں واپسی کی پیشکش کا فوری جواب دینے کے بعد بجائے صحت ٹھیک ہونے اور رفقا سے مشاورت کے بعد اس حوالے سے کوئ حتمی فیصلہ کرنے کا کہا۔
چوہدری نثار علی خان نے اپنی رہائشگاہ آمد کے پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ بھی ادا کیا۔ بعد ازاں وزیراعظم وہاں سے روانہ ہو گئے۔
واضح رہے کہ چوہدری نثار علی خان ن لیگ کے دیرینہ رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں۔ وہ ن لیگ کے صدر نواز شریف کے انتہائی قریبی ساتھی بھی رہے ہیں اور کئی بار وفاقی وزارت کا منصب بھی سنبھالا۔
بعد ازاں ان کے ن لیگ کے اختلافات شروع ہوگئے اور پارٹی ذرائع کے مطابق ن لیگ کے سینئر رہنماؤں کو نظر انداز کر کے مریم نواز کو پارٹی میں اہم منصب دیے جانے پر انہیں اعتراض تھا۔
2018 کے عام انتخابات میں چوہدری نثار نے ن لیگ کے بجائے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان کیا اور پنجاب اسمبلی کی نشست پر کامیابی حاصل کی۔ جس کے بعد انہوں باضابطہ طور پر ن لیگ چھوڑنے کا بھی اعلان کر دیا۔