
پی ٹی آئی پنجاب کے نائب صدر اکمل خان باری نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور آئی جی کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ دائر کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق، پی ٹی آئی پنجاب کے نائب صدر اکمل خان باری نے وزیراعلیٰ مریم نواز اور آئی جی پنجاب کے خلاف حبسِ بے جا میں رکھنے پر ساڑھے 13 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کر دیا۔ یہ دعویٰ وکیل خرم لطیف کھوسہ کے ذریعے سیشن کورٹ میں جمع کرایا گیا۔ درخواست میں وزیراعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب پولیس، سی سی پی او لاہور سمیت دیگر حکام کو فریق بنایا گیا ہے۔
اکمل خان باری نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ لاہور ہائیکورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے انہیں غیر قانونی طور پر حبسِ بے جا میں رکھا گیا۔ شہری نے درخواست میں مزید کہا کہ لاہور ہائیکورٹ نے 22 نومبر کو پولیس کو درخواست گزار کو غیر قانونی ہراساں کرنے سے روکنے کا حکم دیا تھا، لیکن اسی روز سیشن عدالت کے باہر تھانہ اسلام پورہ پولیس نے غیر قانونی طور پر انہیں اغوا کیا اور تھانہ رنگ محل کے مقدمہ نمبر 863/24 میں گرفتاری ظاہر کر دی۔