عرب امارات نے پاکستانیوں پر مختلف ویزہ پابندیاں عائد کر رکھی ہیں، لیکن اس دوران وہاں بھارتی شہریوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جو اب تقریباً 40 لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔
دبئی اور شمالی امارات کے لیے بھارت کے قونصل جنرل، ستییش کمار سیوان، نے بھارتی انسٹیٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس آف انڈیا کے دبئی چیپٹر کی ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یو اے ای، خاص طور پر دبئی، مالیاتی شعبے میں ایک عالمی مرکز بن رہا ہے، جس میں بھارتی کمیونٹی کا اہم کردار ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 2012 میں امارات میں بھارتی شہریوں کی تعداد 22 لاکھ تھی، جو 2023 تک بڑھ کر 29 لاکھ ہو گئی۔ قونصل جنرل نے یہ بھی کہا کہ امارات میں مقیم بھارتی کمیونٹی، بھارت اور یو اے ای کے درمیان قریبی تعلقات کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
خلیج ٹائمز کے مطابق، بھارتی کمیونٹی امارات میں سب سے بڑی غیر ملکی کمیونٹی ہے اور کئی دہائیوں سے اماراتی معیشت میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔ بھارتی تارکین وطن کو امارات میں سب سے امیر ترین کمیونٹی ممبران میں شمار کیا جاتا ہے، جو صحت، رئیل اسٹیٹ، ریٹیل، اور دیگر شعبوں میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کرتے ہیں۔