
نیو یارک: پاکستان میں سٹارلنک انٹرنیٹ سروس کے آغاز کے حوالے سے حکومتی فیصلے پر ایلون مسک کا ردعمل سامنے آیا ہے۔ ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے سی ای او ایلون مسک نے ایک پاکستانی سوشل میڈیا صارف کے خیرمقدمی پیغام پر کہا کہ سٹار لنک سروس کے لیے حکومت پاکستان کی منظوری کا انتظار کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام کے اجلاس میں وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی، شزا فاطمہ نے بتایا تھا کہ حکومت پاکستان ایلون مسک کی سیٹلائٹ کمپنی سٹار لنک کو ملک میں لانے کی کوشش کر رہی ہے۔ تین سال قبل، سٹار لنک کے وفد نے پاکستان کا دورہ کیا تھا اور اس وقت کے وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق سے ملاقات کی تھی۔ وفاقی وزیر نے اس منصوبے کے حوالے سے کہا تھا کہ اس سے نہ صرف ان علاقوں کو فائدہ ہوگا جہاں انٹرنیٹ کی سہولت نہیں ہے، بلکہ ملک بھر کے 40 ہزار سکولوں اور کاروباری اداروں کو بھی ترقی کے مواقع ملیں گے۔
سٹار لنک سیٹلائٹ کے ذریعے ان علاقوں میں انٹرنیٹ فراہم کرتی ہے جہاں یہ سہولت یا تو موجود نہیں ہوتی یا اس کی رفتار انتہائی سست ہوتی ہے۔