
کراچی کے اسپتالوں میں گرمی سے متاثرہ افراد کے رپورٹ ہونے کا سلسلہ جاری ہے، سر درد، بخار اور جسم میں شدید درد کے کیسز رپورٹ ہورہے ہیں۔
گرمی کی وجہ سے سرکاری اسپتالوں میں ہیٹ ریش، اسکن الرجی، گرمی دانے اور فنگل انفیکشن کے مریضوں کا رش لگ گیا ہے۔
جناح اسپتال کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عرفان احمد نے کہا کہ شدید گرمی اور حبس میں احتیاط نہ کرنیوالے افراد متاثر ہورہے ہیں، پانی کا کم استعمال گرمی کی شدت سے متاثر ہونے کا سبب بنتا ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کراچی والوں کو خوشخبری سنادی، محکمہ کا کہنا ہے کہ شہر میں ہیٹ ویو کا سلسلہ آج شام تک رہے گا اور آج شام یا کل سے سمندری ہوائیں مکمل بحال ہوجائینگی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے لیکن ہوا میں نمی کا تناسب بڑھنے سے گرمی محسوس کی جا رہی ہے۔