
پی ای سی ایچ ایس بلاک 2 میں بڑی ڈکیتی: معروف ٹک ٹاکر بہن بھائی گرفتار
کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس بلاک 2 میں ایک شو روم کے مالک کے گھر ہونے والی کروڑوں روپے کی ڈکیتی کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ پولیس نے واردات میں ملوث تین افراد کو گرفتار کر لیا ہے، جن میں دو بہنیں اور ان کا بھائی شامل ہیں۔ گرفتار ملزمان کی شناخت سوشل میڈیا پر مشہور ٹک ٹاکرز یسرا، نمرا اور شہریار کے نام سے ہوئی ہے۔
ایس ایچ او فیروز آباد انعام جونیجو کے مطابق یہ واقعہ 25 اور 26 جون کی درمیانی شب تقریباً ساڑھے تین بجے پیش آیا۔ متاثرہ تاجر محمد سالک اپنی گاڑی پارک کر رہا تھا جب ایک سیاہ رنگ کی گاڑی وہاں آ کر رکی، جس میں سوار دو مسلح افراد اور تین برقعہ پوش خواتین نے اسے زبردستی گھر کے اندر جانے پر مجبور کیا۔
مدعی کے بیان کے مطابق ایک ملزم ایف آئی اے جیسی وردی پہنے ہوئے تھا، جس پر ادارے کا مونوگرام بھی لگا ہوا تھا۔ ملزمان نے گھر میں داخل ہو کر اسلحے کے زور پر 13 کروڑ روپے نقدی، 9 موبائل فون (جس میں آئی فون اور گوگل پکسل شامل تھے)، 20 قیمتی گھڑیاں، ایک اسمارٹ واچ، 25 پرفیوم، 2 لیپ ٹاپ اور دیگر قیمتی اشیاء لوٹ لیں اور فرار ہو گئے۔
پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی شناخت کی اور کارروائی کرتے ہوئے تین افراد کو گرفتار کرلیا۔ ایک اور شریک ملزم شہروز کی تلاش جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق گرفتار خاتون یسرا زیب نہ صرف ایک مشہور ٹک ٹاکر ہیں بلکہ کئی پاکستانی برانڈز کے لیے ماڈلنگ بھی کر چکی ہیں۔ ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ملکی و غیر ملکی شخصیات کے ساتھ تصاویر موجود ہیں۔ پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے کہ آیا یہ گروہ ماضی میں بھی اس نوعیت کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔
واقعے کا مقدمہ تھانہ فیروزآباد میں متاثرہ تاجر کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا تھا، جس کا نمبر 678/25 ہے۔ ایس پی جمشید ڈویژن کے مطابق ملزمان نے جعلی ایف آئی اے یونیفارم استعمال کی تاکہ متاثرہ شہری کو قانونی ادارے کا اہلکار سمجھا جا سکے۔ پولیس نے بتایا کہ سوشل میڈیا ویڈیوز کی بنیاد پر ملزمان کی شناخت ممکن ہوئی، اور اب ان سے لوٹی گئی رقم اور اشیاء کی برآمدگی کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔ دیگر مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔.