
گزشتہ روز وزیر اعظم شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کینالز کے معاملے پر پاکستان پیپلز پارٹی سے بات چیت کی ہدایت کی تھی جس کے بعد آج پہلا باضابطہ رابطہ ہوا۔
ٹیلیفونک رابطے میں رانا ثنا اللہ اور شرجیل میمن نے اتفاق کیا کہ ملاقات کر کے کینالز کے مسئلے کو بات چیت سے حل کیا جائے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ کینالز کے معاملے پر سندھ کے ساتھ مذاکرات کیلیے تیار ہیں، وزیر اعظم شہباز شریف اور نواز شریف نے ہدایت دی ہے کہ سندھ کے تحفظات کا خاتمہ کیا جائے۔
اس پر شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت کینالز کے معاملے پر ہر فورم پر اپنا مؤقف پیش کر چکی ہے، پیپلز پارٹی اور سندھ کے عوام کو متنازع کینالز پر شدید تحفظات ہیں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ کے عوام کیلیے 1991 کے معاہدے کے تحت پانی کی منصفانہ تقسیم چاہتی ہے، کینالز کے معاملے پر وفاقی حکومت سے مذاکرات کیلیے تیار ہیں۔
گزشتہ روز رانا ثنا اللہ نے اپنے بیان میں بتایا تھا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت کا بہت احترام ہے، وہ وفاق کا حصہ ہے لہٰذا پانی پر سیاست نہیں کرنی چاہیے۔
رانا ثنا اللہ نے بتایا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور نواز شریف نے بات چیت سے مسئلے کے حل کا کہا ہے، آئینی عہدوں پر ہوں تو بات زیادہ ذمہ داری سے کرنی چاہیے، معاملات میز پر بیٹھ کر حل کرنے چاہئیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ 1991 میں صوبوں کے درمیان طے پانے والے معاہدے اور 1992 کے ارسا ایکٹ کی موجودگی میں کسی سے ناانصافی نہیں ہو سکتی، کسی صوبے کا پانی دوسرے صوبے کے حصے میں نہیں جا سکتا، اس امر کو یقینی بنانے کیلیے ملک میں آئینی طریقہ کار اور قوانین موجود ہیں۔
دوسری جانب شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کینالز منصوبہ ختم کرنے کا اعلان کریں، پیپلز پارٹی بات چیت کیلیے تیار ہے۔