سپریم کورٹ نے 76 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے آئی فونز کی سمگلنگ کیس میں ملزمہ آمنہ ناز کی ضمانت منظور کرتے ہوئے لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔
سپریم کورٹ نے آمنہ ناز کی ضمانت دو لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کی اور لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے ضمانت بعد از گرفتاری کا حکم دیا۔ یہ فیصلہ جسٹس مسرت ہلالی نے تحریر کیا۔
سپریم کورٹ کے فیصلے میں کہا گیا کہ ضمانت منسوخی کے وقت عدالت کو ملزمہ کی خاتون ہونے، اس کے مجرمانہ ریکارڈ کا نہ ہونا، جرم کی نوعیت اور اس کے فرار نہ ہونے جیسے عوامل کو مدنظر رکھنا چاہیے تھا۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ صرف قانون کا حوالہ دے کر سزا دینا مناسب نہیں۔
سپریم کورٹ کے مطابق، آمنہ ناز کا کوئی مجرمانہ یا اشتہاری ریکارڈ نہیں ہے اور کیس کے مطابق لاہور ایئرپورٹ پر چیکنگ کے دوران اس سے 26 آئی فونز برآمد ہوئے تھے، جن کی مالیت 76 لاکھ 46 ہزار روپے سے زائد تھی۔