گوجرانوالہ (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھکاریوں کی دادی کے چالیسویں میں 12 ہزار سے زائد افراد کے کھانے کی دعوت کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق، متوفی خاتون کے پوتے نے بتایا کہ چہلم کی تقریب میں ملک بھر سے برادری کے افراد نے شرکت کی۔ تقریب کے لیے 60 من مٹن کا آرڈر دیا گیا تھا، ساتھ ہی 10 دیگیں میٹھے چاول اور مربے بھی تیار کیے گئے۔
سوشل میڈیا رپورٹس کے مطابق، اس چہلم پر تقریباً سوا کروڑ روپے خرچ کیے گئے۔ مہمانوں کے لیے ناشتے میں سری پائے پیش کیے گئے، جبکہ شام کے کھانے میں 250 بکرے اور دیگر انواع و اقسام کے کھانوں کا انتظام کیا گیا تھا۔ یہ تقریب سوشل میڈیا پر کافی توجہ کا مرکز بنی۔