
بھارتی حکومت کے ذرائع نے بتایا کہ متعدد پاکستانی فنکاروں اور کرکٹرز کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس تک رسائی بحال ہونے کے فوراً بعد ہنگامی جائزہ لیا گیا اور ان تک رسائی دوبارہ بند کر دی گئی۔
گزشتہ روز ماورا حسین، صبا قمر، احد رضا میر، یمنیٰ زیدی اور دانش تیمور سمیت چند دیگر پاکستانی فنکاروں کے انسٹاگرام اکاؤنٹس تک بھارتی صارفین کو رسائی حاصل ہوئی تھی، ان میں اے آر وائی ڈیجیٹل، کرکٹرز شاہد آفریدی اور شعیب اختر کے یوٹیوب چینلز بھی شامل تھے۔
تاہم آج صبح بھارتی صارفین نے دوبارہ ان تک رسائی کھو دی۔ جب انہوں نے پاکستانی اکاؤنٹس کو تلاش کیا تو یہ میسج نمودار ہوا: (Account not available in India. This is because we complied with a legal request to restrict this content)
مختصر وقت کیلیے اکاؤنٹس تک رسائی کیس بحال ہوئی؟
حکومتی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستانی سوشل میڈیا اکاؤنٹس تک مختصر وقت کیلیے دوبارہ صارفین کی رسائی حاصل ہونا کسی پالیسی تبدیلی کا نتیجہ نہیں بلکہ تکنیکی خرابی تھی۔
واضح رہے کہ بھارت نے 22 اپریل 2025 کو پہلگام میں فالس فلیگ آپریشن کے بعد نہ صرف پاکستان کے خلاف ’آپریشن سندور‘ کے نام سے ناکام کارروائی کی تھی بلکہ پاکستانی فنکاروں، نیوز چینلز اور یوٹیوب چینلز پر پابندی عائد کر دی گئی۔
پہلگام میں فالس فلیگ آپریشن کے دوران 26 سیاحوں کو موت کے گھاٹ اتارا گیا تھا۔ نئی دہلی نے واقعے کو چند گھنٹے گزرنے کے بعد ہی پاکستان پر نہ صرف الزام عائد کیا بلکہ سندھ طاس معاہدہ بھی معطل کر دیا تھا۔
ماورا حسین نے 2016 میں بھارتی اداکار ہرش وردھن رانے کے ساتھ فلم صنم تیری قسم سے بالی وڈ میں قدم رکھا تھا تاہم بعد میں انہیں فلم کے سیکوئل سے ہٹا دیا گیا۔
ہرش وردھن رانے نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک بیان جاری کیا اور کہا کہ اگر پروڈیوسر سیکوئل کیلیے ماورا حسین کو شامل کریں گے تو وہ اس کا حصہ بننے سے انکار کر دیں گے۔