
اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف نے لیسکو میں کرپشن کے الزامات کی بناء پر نکالے گئے 12 افسران کی بحالی کے حوالے سے نوٹس لے لیا۔ وزیراعظم کے نوٹس پر ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جس میں سابق سیکرٹری پاور شاہد خان، موجودہ سیکرٹری انرجی، آئی بی اور لیسکو بورڈ کے ایک نمائندے کو شامل کیا گیا ہے۔
کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق، لاہور کی لیسکو مینجمنٹ پر یہ الزامات ہیں کہ انہوں نے پیسوں کے عوض 12 افسران کو بحال کیا اور بین الاقوامی کمپنی سے سامان کی خریداری میں بدعنوانی کی۔ اس کے علاوہ، ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کو غیر قانونی کنکشن دینے اور لیسکو کے معاملات میں قوانین کو نظرانداز کرنے کا بھی الزام عائد کیا گیا ہے۔ کمیٹی نے سابق چیف ایگزیکٹو چودھری محمد امین کی تعیناتی کو بھی خلاف قانون قرار دیا۔ کمیٹی نے موجودہ لیسکو چیف، چیئرمین بورڈ اور دیگر افسران کو کل اسلام آباد طلب کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، کمیٹی 10 جنوری تک اپنی حتمی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گی۔