
لاہور (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے لیے تمام چھ فرنچائزز نے ایونٹ کے لیے اپنے برقرار کھلاڑیوں کی فہرست کا اعلان کر دیا ہے۔ پی ایس ایل کے قواعد کے مطابق ہر فرنچائز کو 8 کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے کی اجازت ہوتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق، اسلام آباد یونائیٹڈ، لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 8، 8 کھلاڑیوں کو برقرار رکھا ہے، جبکہ کراچی کنگز، ملتان سلطانز اور پشاور زلمی نے 7، 7 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ہے۔
پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن میں چمپیئن رہنے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اپنے سابق کپتان سرفراز احمد کو ریلیز کر دیا ہے۔ پی ایس ایل 9 میں سرفراز احمد کی جگہ جنوبی افریقا کے رائلی روسو نے قیادت کی تھی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سرفراز احمد کو 9 سال بعد ریلیز کیا ہے اور اب وہ پہلی بار ڈرافٹ کا حصہ بنیں گے۔ پی ایس ایل 10 کا ڈرافٹ 11 جنوری کو ہو گا، جس میں 19 مختلف ممالک کے 510 کھلاڑیوں نے شرکت کے لیے دستخط کیے ہیں۔ ایونٹ 8 اپریل سے 19 مئی تک جاری رہے گا۔