
یوکرینی فوج نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایف 16 لڑاکا طیارہ گزشتہ رات روسی میزائل اور ڈرون حملے کو روکنے کے دوران گر کر تباہ ہوا۔
یوکرینی فوج نے بتایا کہ طیارے میں موجود پائلٹ بھی ہلاک ہوگیا، یہ روس کے ساتھ جنگ کے دوران ایف 16 لڑاکا طیارہ گرنے کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔
ایئر فورس نے ٹیلی گرام پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ پائلٹ نے اپنے طیارے میں موجود تمام ہتھیاروں کا استعمال کیا اور سات فضائی اہداف کو نشانہ بنایا، آخری ہدف کو مار گرانے کے دوران طیارے کو نقصان پہنچا اور وہ نیچھے آنے لگا۔
بیان میں کہا گیا کہ پائلٹ نے ہر ممکن کوشش کی اور ایف 16 کو ایک بستی سے دور لے گیا لیکن اس کے پاس باہر نکلنے کا وقت نہیں تھا۔
یوکرینی فوج نے کہا کہ روس نے رات گئے یوکرین پر 477 ڈرونز اور مختلف قسم کے 60 میزائل داغے، افواج نے 211 ڈرونز اور 38 میزائل تباہ کر دیے، چھ مقامات پر فضائی حملے کیے گئے۔